Header Ads

تمباکو نوشی ترک کرنے کے حیرت انگیز اثرات

smooking


تمباکو نوشی ترک کرنے کے حیرت انگیز اثرات


پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسداد تمباکو نوشی کا دن منایا جارہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں دس سے چوبیس سال کی عمر کے تقریباً ایک ارب اسی کروڑ افراد تمباکو نوشی کرتے ہیں، پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ جب کہ دنیا بھر میں 50لاکھ سے زائد افراد سگریٹ نوشی کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔ تمباکو نوشی سے دل کے امراض اور پھیپڑوں کے سرطان جیسی خطرناک بیماریاں ہوتی ہیں اور تمباکو نوشی کرنے والا اپنی اوسط عمر سے پندرہ سال پہلے دنیا سے گزر جاتاہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ایک سگریٹ انسان کی عمر آٹھ منٹ تک کم کر دیتا ہے کیونکہ اس میں چار ہزار سے زائد نقصان دہ اجزاموجود ہوتے ہیں۔ تمباکو نوشی سے انسان کو دل’ پھیپھڑے’ سانس’ نظام ہضم’ پیشاب’ معدہ’ جگر اور منہ کی بہت سی مہلک بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم جب آپ تمباکو نوشی کو ترک کردیتے ہیں اور ان چار ہزار سے زائد نقصان دہ اجزاءکو دھویں کی شکل میں اپنے جسم کا حصہ نہیں بناتے تو آپ کی صحت پر لاتعداد مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جن کی فہرست آپ کو چونکا دے گی۔ 20 منٹ بعد سیگریٹ نوشی کے ترک کرنے کے صرف 20 بعد ہی ہاتھوں اور پیروں میں خون کی روانی میں بہتری آتی ہے۔ دو گھنٹے بعد اس عادت کو چھوڑنے کے 2 گھنٹے بعد دل کی دھڑکن، نبض اور بلڈ پریشر معمول پر آجاتے ہیں جبکہ حاملہ خواتین کے معاملے میں ان کے پیدا نہ ہونے والے بچے کی دل کی دھڑکن بھی معمول پر آجاتی ہے۔ آٹھ گھنٹے بعد جسم میں کاربن مونوآکسائیڈ نامی زہریلی گیس کی مقدار کم ہوجاتی ہے اور وہ آکسیجن کو خون کے خلیات تک رسائی میں مزید روک نہیں پاتی اور اگر ایسا کوئی حاملہ خاتون کرتی ہے تو ان کے ہونے والے بچے کو بھی زیادہ آکسیجن ملنے لگتی ہے۔ چوبیس گھنٹے بعد دل کے دورے کا خطرے کافی حد تک کم ہوجاتا ہے۔ 48 گھنٹے بعد نکوٹین مکمل طور پر آپ کے جسم سے خارج ہوجاتی ہے۔ دو روز بعد آپ کی سونگھنے اور چکھنے کی حسیں بہتر اور دوبارہ واپس آجاتی ہیں۔ تین دن بعد نظام تنفس میں نمایاں بہتری آتی ہے جبکہ پھیپھڑوں میں پائے جانے والے بال نما ابھار واپس ابھر آتے ہیں جو کہ پھیپھڑوں میں پائے جانے والے ذرات کو آگے منتقل کرتے ہیں۔ اگر آپ کھانسی کے شکار ہوتے ہیں تو یہ تکلیف کچھ عرصے کے لیے بڑھ جاتی ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں آپ کے پھیپھڑوں سے زہریلے اجزاءخارج ہوجاتے ہیں۔ ایک ہفتے بعد ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کا پریشر کم ہوجاتا ہے۔ تین ماہ بعد پھیپھڑوں کی گنجائش میں اوسطاً 39 فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے اور سانس لینے میں مشکل کم ہوجاتی ہے، اسی طرح جلد کی رنگت میں بھی بہتری آتی ہے۔ تین سے نو ماہ بعد تمباکو نوش افراد کی کھانسی اور انفیکشنز سے زیادہ متاثر ہونے کی حساسیت کم ہوجاتی ہے کیونکہ پھیپھڑے اب خود کو صاف کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔ ایک سال بعد خون کی شریانوں کے امراض جو دل کی بیماریوں اور فالج کا باعث بن سکتے ہیں، کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ پانچ سال بعد معدے، منہ، گلے، پھیپھڑوں اور غذائی نالی وغیرہ کے کینسر کا خطرہ نہ ہونے کے برابر رہ جاتا ہے۔ پانچ سے دس سال بعد اس عرصے کے دوران دل کے دورے اور فالج وغیرہ کا خطرہ اسی سطح پر پہنچ جاتا ہے یا کم ہوجاتا ہے جتنا زندگی میں کبھی تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کو ہوتا ہے۔ پندرہ سال بعد آپ کو کسی قسم کے کینسر لاحق ہونے کا خطرہ اتنا ہی رہ جاتا ہے جتنا کسی زندگی میں کبھی تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کو ہوتا ہے

No comments